لندن: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہاؤس آف لارڈز میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی، تقریب میں برطانوی پارلیمنٹیرینز کی بڑی تعداد اور پاکستانی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور مشترکہ اقدار اور خواہشات پر مبنی پائیدار پاک برطانیہ تعلقات پر زور دیا، انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر متحرک برطانوی پاکستانیوں کی تعریف کی۔
نگران وزیراعظم نے ملک کی سٹریٹجک اہمیت اور نوجوان آبادی استفادہ پر زور دیا، انہوں نے معاشی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کو اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایک قابل قدر پلیٹ فارم کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم کاکڑ نے جامع، آزاد اور شفاف انتخابی عمل کی اہمیت اور جمہوری نظریات کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔