کراچی کا تاریخی مچھلی گھر منہدم کرنے کا فیصلہ

Published On 28 September,2023 05:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کلفٹن باغ ابن قاسم میں قائم تاریخی مچھلی گھر کو منہدم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

کراچی میونسپل کمیٹی کے مطابق کلفٹن میں قائم مچھلی گھر کی عمارت اور انفراسٹرکچر تباہ حال ہے ،پرانی عمارت مسمار کرکے جدید مچھلی گھر کی تعمیر کیلئے اخراجات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں موجود تاریخی مچھلی گھر کو بین الاقوامی طرز کا مچھلی گھر بنانے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ اور میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی نے عملی اقدامات تیز کردیے ہیں ۔

کے ایم سی کا تاریخی مچھلی گھر طویل عرصے تک کراچی کے مڈل کلاس شہریوں اور ان کے بچوں کو بھرپور تفریح فراہم کرتا رہا ہے ، تاہم دس برس سے کے ایم سی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی کے سبب مچھلی گھر مکمل طور پر تباہی سے دوچار ہوکر بند پڑا تھا جس کے سبب باغ ابن قاسم میں آنے والے عوام بند مچھلی کو دیکھ کر افسوس کا اظہار کررہے تھے۔

اس تمام صورتحال کے بعد میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی اور میونسپل کمشنر افضل زیدی نے بند مچھلی گھر کو دوبارہ آباد کرنے کی غرض سے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کا آغاز کیا ۔

اس سلسلے میں کے ایم سی افسران نے ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ مچھلی گھر کا تفصیلی معائنہ کیا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ مچھلی گھر کی عمارت کے بنیادی پلرز اور انفرااسٹرکچر مکمل طور پر کمزور ہوچکا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ مچھلی گھر کی عمارت کو منہدم کرکے دوبارہ یہاں نئی عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں بین الاقوامی طرز کا مچھلی گھر بنایا جائے گا ۔

دوسری جانب مچھلی گھر میں تعینات عملہ بھی میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی کی جانب سے مچھلی گھر کی از سر تعمیر کے پلان پر خوشی کا اظہار کررہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی والوں کی اس مچھلی گھر سے بڑی یادیں وابستہ ہیں، مچھلی گھر کی دوبارہ تعمیر شہریوں کیلئے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگا۔