کراچی: (دنیا نیوز) بلدیاتی اداروں کے کرپٹ افسر و اہلکار اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے، محکمہ اینٹی کرپشن نے بلدیہ ضلع وسطی کے کرپشن میں ملوث افسران و عملے کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر فیصل صغیر اور اکاؤنٹ آفیسر حبیب راجپوت کو تین اکتوبر کو مطلوبہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر اور اکاؤنٹ آفیسر بلدیہ وسطی کو تصدیق شدہ پرسنل فائل، سروس بک ، تعلیمی اسناد اور ڈی پی سی لسٹ اور پرموشن آرڈرز کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق ضلع وسطی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور اکاؤنٹ آفیسر کو کرپشن شکایات پر طلب کیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں دونوں افسران کرپشن میں ملوث پائے گئے۔
فیصل صغیر اور حبیب راجپوت نے ذاتی فائدے کیلئے کرپشن کر کے سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچایا، متعلقہ افسران نے بوگس کوٹیشن، بل، فیول بلز اور جعلی تقرری کر کے مالی فوائد حاصل کیے۔
مراسلے کے مطابق دونوں افسران نے جعلی پرموشن کے ذریعے محکمہ میں سینئر پوسٹ پر تعیناتی حاصل کر کے فائدہ اٹھایا اور سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچایا۔