عیدمیلادالنبیﷺ پر مذہب کے نام پر فساد پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے: آصف زرداری

Published On 28 September,2023 11:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عید میلاد النبیﷺ پر پیغام میں عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر دنیا بھر کے اور پاکستان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دی۔

آصف علی زرداری نے کہا ہم نبیﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں ایسے معاشرے کے لئے کام کریں جہاں امن، صبر، برداشت کا ماحول ہو، ہمارے نبیﷺ محسن انسانیت بن کر آئے، آپ کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے، ہمیں ایسے عناصرکی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلاتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا سرور کائناتﷺ انسانیت کے علمبردار تھے، آپﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا، ہمیں محمد مصطفیﷺ کی پیروی کرتے ہوئے خلق خدا کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا۔