نگران وزیر اعظم اور کابینہ اراکین کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر

Published On 29 September,2023 04:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور کابینہ اراکین کو عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست سپریم کورٹ کے وکیل سید وزیر الدین کاکاخیل نے دائر کی، درخواست میں نگران مشیر احد چیمہ، فواد حسن فواد اور پرنسپل سیکرٹری سید توقیر حسین کو بھی عہدوں سے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چاروں افراد گزشتہ حکومت کا بھی حصہ رہے ہیں، آئندہ ہونیوالے انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، نگران حکومت میں ہونے کے باعث انتخابات کی شفافیت ممکن نہیں۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ اگر نگران حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان افراد کوفوری ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے، درخواست میں نگران کابینہ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو عہدوں سے الگ کرنے سے متعلق کمیشن کے خطوط کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔