انتشار انگیز تقاریرکیس : مریم اورنگزیب ، جاوید لطیف پیش نہ ہوئے ، سماعت ملتوی

Published On 30 September,2023 12:17 pm

لاہور : (دنیانیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کو انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس میں دوبارہ عدالت طلب کر لیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سمیت دیگر کیخلاف انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس کی سماعت جج عبہر گل خان نے کی ۔

عدالت کی جانب سے جاوید لطیف، مریم اورنگزیب سمیت تمام ملزمان کو 11 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

عدالت میں سہیل خان ایم ڈی پی ٹی وی اور راشد بیگ پروڈیوسر پی ٹی وی کی جانب سے وکیل ذیشان غنی پیش ہوئے جبکہ مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی جانب سے وکیل پیش نہ ہوئے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے مریم اورنگزیب ، جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔

عدالت نے پولیس کی ملزمان کو ڈسچارج کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔

قبل ازیں عدالت نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور میاں جاوید لطیف کو انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس میں آج طلب کیاتھا۔

واضح رہے کہ ملزمان کیخلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا اور ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پر ریاست مخالف تقریر اور بیانات کا الزام ہے۔