پشاور: (دنیا نیوز) ہنگو مسجد میں خود کش حملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جس میں دہشت گردوں کا پلان واضح ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق خودکش بمبار الگ الگ دھماکے کرنا چاہتے تھے، خودکش بمباروں نے فائرنگ کر کے پہلے گیٹ کلیئرکرنا تھا، ایک خودکش بمبار مسجد میں دھماکہ کرتا، دوسرا خودکش بمبار پولیس حکام اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے گھات لگاتا۔
پلان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کے پہنچنے پر دوسرا دھماکہ کیا جاتا تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصان ہو لیکن گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں کی جوانمردی کے باعث دہشت گردوں کا پلان ناکام ہوا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے ایک خودکش بمبار گیٹ پر ہی مارا گیا، خودکش بمباروں کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے۔
خیبرپختونخوا میں ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے سے تحقیقات میں تاخیر کا سامنا ہے، ڈی پی او کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔