لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے سے صرف پارٹی قائد نوازشریف ہی خطاب کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مسلم لیگ ن نے نئی حکمت عملی طے کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے سے قائد نواز شریف کے علاوہ کوئی بھی پارٹی رہنما خطاب نہیں کرے گا۔
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان جلسہ میں پارٹی صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت کوئی بھی رہنما خطاب نہیں کریگا، قائد ن لیگ کے خطاب سے قبل صدر ن لیگ لاہور سیف الملوک کھوکھر حاضرین کا شکریہ ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کو بیانیہ دیں گے، صرف نواز شریف کے خطاب کی تجویز چیف آرگنائزر مریم نواز کی جانب سے دی گئی ہے، مریم نواز کی تجویز سے پارٹی کے بڑوں نے اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ ن لیگ نے اس سے قبل استقبالی سٹیکرز کو بھی نوازشریف کی تصویر تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔