الیکشن کمیشن کا اجلاس: عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیدی

Published On 03 October,2023 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسروں نے بھی شرکت کی، الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ و خارجہ اور دیگر اداروں سے خصوصی نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔


چیف الیکشن کمیشن نے اجلاس میں عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی بھی منظوری دیتے ہوئے عالمی مبصرین کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 16 اکتوبر کو طلب کر لیا، خواہش مند عالمی مبصرین کے کیسز کو فوری طور پر پراسس کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، چیف الیکشن کمیشن نے کہا الیکشن سے متعلق تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں۔