لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس سماعت کی، بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل تھے۔
عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کیے، عدالت میں فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے ریکارڈ پیش کرنے سے متعلق مہلت طلب کر لی۔
بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کو چیلنج کر رکھا ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کیس سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے۔