ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔
ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین نے سیدوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، بھارت کا کینیڈا میں سکھ رہنماء سردار ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونا قابل مذمت ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں آزادی پسند سکھ رہنماؤں کو قتل کر رہا ہے، افغانستان کو اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں کرنے دینی چاہئے، نگران وزیراعظم کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن کہا کہ انتخابات کسی کی خواہش پر نہیں آئین اور قانون کے مطابق بروقت ہونے چاہئیں، 2017ء میں سازش کے تحت ملکی ترقی کا سفر روکنے کے لئے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کیا گیا، 2018ء کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے نااہل شخص کو حکومت دی گئی، پی ٹی آئی نے سخت شراٸط پر آئی ایف سے معاہدے کئے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سیاست کے بجائے ریاست کو بچانے کو ترجیح دی، میاں نواز شریف قوم کی امید ہیں، پوری قوم میاں نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کرے گی۔