جہلم: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، سازش کا حصہ جج، جرنیل تھے، چور، آئین شکن وہ ہیں جو حکومت کو چلنے نہیں دیتے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سوال ہے کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو کیوں آرہے ہیں، سوال تو یہ ہے کہ ملک کے منتخب وزیراعظم کو جلا وطن کیوں ہونا پڑتا ہے، 2018ء میں افسوسناک تجربہ کیا گیا، سازش کے تحت غیرسنجیدہ آدمی کو مسلط کیا گیا، مسلط کرنے والوں نے یہ نہیں سوچا لوگوں کا روزگار کیسے چلے گا، ایک بہروپیے کو کینیڈا سے بلا کر پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں بہت سے تجربات کئے گئے، الیکشن میں لوگ منتخب نمائندوں کو ووٹ دیتے ہیں، ہم اسمبلی میں جاتے ہیں باہر اسمبلی کا گھیراؤ کرا دیا جاتا ہے، حکومت کو چلنے نہیں دیا جاتا اور پھر کہا جاتا ہے ہم چور ہیں، چور، آئین شکن وہ ہیں جو حکومتوں کو چلنے نہیں دیتے۔