آزاد کشمیر کونسل تاریخی مالی بحران کا شکار، سیکڑوں ملازم 3 ماہ کی تنخواہوں سے محروم

Published On 07 October,2023 06:18 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کونسل تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی بحران کا شکار ہوگئی، سیکڑوں افسروں اور ملازموں کو 3 ماہ سے تنخواہیں بھی نہ مل سکیں، سیکڑوں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے۔

آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کونسل کا بجٹ تاحال منظور نہ ہوسکا، آزاد کشمیر حکومت سالانہ 60 کروڑ روپے تنخواہوں کی مد میں ادا کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے بجٹ منظور نہ ہونے کی وجہ سے کونسل نے تاحال ملازموں کو تنخواہوں کی ادائیگی کی کوئی تاریخ بھی دینے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق کشمیر کونسل میں 350 ملازمین اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، کشمیر کونسل میں مختلف وفاقی محکموں سے 40 سے زائد ملازم ڈیپوٹیشن پر تعینات ہیں، آزاد جموں کشمیر کے عبوری ایکٹ میں تیرہویں ترمیم کے بعد آزاد حکومت کونسل ملازموں کو تنخواہوں کی ادائیگی کی ذمہ دار ہے۔