وقت آ گیا سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اپنا اپنا دائرہ اختیار طے کریں: فرحت اللہ بابر

Published On 11 October,2023 05:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن اپنا اپنا دائرہ اختیار طے کریں۔

آئندہ عام انتخابات کو آزاد اور شفاف بنانے پہ پلڈاٹ کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو جمہوریت اور سیاسی جماعتوں کی آزادی کو کم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن 9 مئی کے واقعات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے انتخابات نہیں ہوں گے، نادرا کی ہائی کمانڈ میں تبدیلی سے شفاف انتخابات کے حوالے سے شکوک پیدا ہوئے ہیں، ای سی پی نے گزشتہ عام انتخابات میں آرٹی ایس کی ناکامی پر کیوں انکوائری نہیں کی۔

اس موقع پر شعیب شاہین نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، عدلیہ اور ریاستی ادارے لیول پلیئنگ فیلڈ کو یقینی بنائیں، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو گمشدہ کر کے میڈیا میں لایا جاتا ہے، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔