قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کا اجلاس: مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرارداد منظور

Published On 11 October,2023 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرارداد منظور کر لی گئی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں قائمہ کمیٹی اور آو آئی سی کے وفد نے مسئلہ کشمیر پر مشترکہ قرار داد منظور کرلی، قرار داد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین اور میڈیا کو بھارت کی جانب سے شرکت کی اجازت نہ دینے کی مذمتی قرارداد بھی منظور کرلی، فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور قتل و غارت گری کی بھی مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کشمیری کو ان کا حق خودارادیت دیا جانا چاہئے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی سلوک کا فوری نوٹس لے، قائمہ کمیٹی اور آو آئی سی نے 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کو مسترد کردیا اور مطالبہ کیا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لئے جائیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا بھارتی تسلط میں قید کشمیری حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے، اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں غیر جانبدار مندوبین کو جانے کی اجازت دی جائے، قرارداد کی کاپی اقوام متحدہ سمیت تمام متعلقہ تنظیموں اور اداروں کو بھیجی جائے گی۔