اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کے وژن اور قیادت کی تعریف کی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قابل اعتماد دوست کے طور پر منفرد تعلقات ہیں، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعلقات بالخصوص سی پیک پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں، حکومت منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے چینی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔
چین کے سفیر نے وزیر اعظم کو پہلی ملاقات پر اپنی اسناد پیش کیں، وزیراعظم نے چینی سفیر جیانگ کو اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔