پاکستان میں آفات سے نمٹنے کیلئے مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے: نگران وزیراعظم

Published On 08 October,2023 12:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے۔

نیشنل ریزیلینس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کی صورت میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے، ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 8 اکتوبر کو نیشنل ریزیلینس ڈے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اس ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر منایا جاتا ہے جنہوں نے ہولناک اور تکلیف دہ آفت کا ہمت سے مقابلہ کیا، یہ دن ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں آفات کے خطرات موجودہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات کے تناظرمیں حکومت آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کی صلاحیتوں میں اضافہ، اس حوالے سے مطلوبہ قانون سازی، خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مبنی گورننس کو فروغ دینے، موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر اور سب سے بڑھ کر موافقت میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے۔