کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو بنانے اور بچانے کیلئے متحدہ پاکستان ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اورنگی ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی والوں نے دوہری ہجرت کے عذاب کو بھی دیکھا ہے، اورنگی ٹاؤن میں دنیا کی کچی آبادی میں سب سے زیادہ فولادی عزائم والے رہتے ہیں، کسی کو نظریہ پاکستان کو سمجھنا ہے تو اس کو اورنگی سے گزرنا اور ٹہرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ ہاؤس سے اختیارات نکال کر اورنگی کی گلیوں میں لائیں گے: مصطفیٰ کمال
ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اورنگی کی آبادی اگرصحیح گن لی جائے تو پاکستان کا تیسرا بڑا شہر بن جائے، اورنگی والوں کے لئے پاکستان نعرہ نہیں ارادہ ہے، اورنگی ٹاؤن والوں نے پاکستان کو بچانے کیلئے متعدد بارلاتعداد قربانیاں دی ہیں، اورنگی ٹاؤن والوں نے پاکستان بنایا اور بچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ترقی موروثی سیاست کے خاتمے سے جڑی ہے: فاروق ستار
کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ جہاں اورنگی ٹاؤن والے نہیں ہوں گے وہ پاکستان نہیں کہلائے گا، ظالم کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرنا اورنگی اور کراچی والوں نے سکھایا ہے، اگر ہجرت، قربانی، یقین، اعتماد پر پی ایچ ڈی کرنی ہے تو اورنگی یونیورسٹی ہے۔