کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں سے پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم ایم کیو ایم دیکھ کر مخالفین کی نیندیں اُڑ گئی ہیں، پیپلزپارٹی کو کراچی پر قبضے کا خواب دھندلا ہوتا نظر آرہا ہے، کراچی والوں نے بتا دیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی ان کی واحد نمائندہ جماعت ہے، پیپلزپارٹی کے سیاسی بونے اب کراچی سے ایک یوسی کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پر الزام تراشی کرنے والی پیپلزپارٹی کی کرپشن کی داستانیں کراچی کا بچہ بچہ جانتا ہے، سب جانتے ہیں پیپلزپارٹی نے 15 سالوں میں کرپشن کا پیسہ دبئی بھیج کر جائیدادیں بنائیں، پورا کراچی جانتا ہے کہ پیپلزپارٹی کتنی بڑی کرپٹ جماعت ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ ہم پیپلزپارٹی سمیت تمام مصنوعی سیاسی مخالفین کو سیاسی اور جمہوری جواب دیں گے، مخالفین تھوڑا اور صبر کریں ایم کیو ایم انہیں اور پریشان کرے گی۔