جلاؤ گھیراؤ کیس: صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر ریکارڈ طلب

Published On 26 October,2023 10:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ ن ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید و دیگر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے صنم جاوید کو مختلف مقدمات میں گرفتار کرنے کی رپورٹ بھی مانگ لی۔

دوران سماعت سینئر وکیل نصیر الدین نئیر نے کہا کہ قانون بنایا جائے جو 9 مئی کے ایک مقدمہ میں گرفتار ہوا اسے تمام مقدمات میں شامل کریں، صنم جاوید کو نو مئی کے تمام مقدمات میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ صنم جاوید کی ضمانت منظور کر کے رہا کیا جائے۔

اس دوران پراسیکیوشن نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ مقدمہ کا ریکارڈ موجود نہیں ہے، پولیس مراد سعید کو گرفتار کرنے گئی ہے، پولیس کے تین سے چار ڈالے سوات کے پی کے گئے ہوئے ہیں، مقدمہ کا ریکارڈ ساتھ لے کے گئے ہیں واپس آتے تو پیش کرتے ہیں۔

بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید سمیت دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔