چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں کیا سہولیات مل رہی ہیں؟، جسٹس عامر فاروق کا سوال

Published On 25 October,2023 12:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا ہے کہ بتایا جائے جیل میں چیئرمین تحریک انصاف کو کون کون سی سہولیات دی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو بلا لیتے ہیں، وہ آکر بتا دیں گے کہ جیل میں کیا سہولیات اور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس درخواست پر آرڈر کر کے اگلے ہفتے کیس کو دوبارہ لگا دیں گے۔

وکیل درخواست گزار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پہلے محفوظ کیے گئے فیصلے سنا دیں، ان کیسز کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی، جو سہولت نواز شریف کو پیش کی جا رہی ہے باقیوں کو بھی فراہم کی جائے، نواز شریف کی طرح چیئرمین پی ٹی آئی کی بھی سزا معطل ہو چکی ہے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے تحت سہولیات دے رہے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک درخواست شیر افضل مروت صاحب کی تھی اس پر ڈویژن بینچ نے آرڈر کیا ہے، اٹک تو کھلا علاقہ ہے وہاں کیا سہولیات تھیں یہاں کیا ہیں۔