لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یاسمین راشد میں ہمت ہے تو قوم کو بتائیں 9 مئی کو بغاوت کا پروگرام کیوں بنایا؟
ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری نے یاسمین راشد کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ہمت ہے تو یہ بھی بتائیں پاکستان میں فتنہ فساد برپا کرنے، ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش کیوں کی؟ ہمت کرکے اپنی آڈیوز جس میں آپ خواتین کے استعمال، عدلیہ کے ساتھ سازباز اور 9 مئی کی پلاننگ کا جواب دے دیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف اور انکی جماعت آپ کو تین مرتبہ دھول چٹا چکی ہے، اس مرتبہ بھی قائد میاں نوازشریف اپنے حلقے سے الیکشن لڑیں گے، آپ اپنی فکر فرمائیں، آپ الیکشن میں ہوں گی یا نہیں، یہ ابھی معلوم نہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب نے مزید کہا کہ جیل کی فرسٹریشن آپ کے کھوکھلے بیانات اور قد سے بڑی گفتگو سے صاف نظر آرہی ہے۔