اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی، عدالت نے چیئرمین پی ٹی ٹی آئی کو شفاف ٹرائل کا حق دینے کی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے سائفر کیس میں ٹرائل روکنے کی استدعا کی تھی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے جلد بازی سے کام لیا جا رہا ہے، جلد بازی میں فرد جرم بھی عائد کر دی گئی، سائفر، سائفر تو بہت کیا گیا لیکن چالان کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس ہے لیکن دینا نہیں، سائفر کے بغیر یہ فرد جرم کیسے عائد کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ کل ٹرائل کورٹ کو گواہوں کا بیان ریکارڈ کرنے سے روکا جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ روڈ بنی نہیں اور گاڑی موٹر وے پر ڈال دی، جس پر عدالت نے سائفر کیس میں ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔