شیری رحمان کا گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید اظہار تشویش

Published On 31 October,2023 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ ‏گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی مذمت کرتے ہیں، ماہانہ 0.25 سے 0.9 مکعب میٹر تک گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لئے فکسڈ چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 4 سو روپے (3900 فیصد اضافہ) کر دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں مزید 172 فیصد تک اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹر رضا ربانی کا الیکشن کمیشن سے عام انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ

نائب صدر پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں نگران حکومت کو عوام پر اتنا بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے تھا، نگران وزیر پہلے ہی گھریلو صارفین کیلئے موسم سرما میں 16 گھنٹے گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان کر چکے ہیں، جب صارفین کو گیس ہی میسر نہیں تو قیمتوں میں یہ ہوشربا اضافہ کیوں؟