الیکشن کے سلوگن پر جھوٹ بولنے والوں کو لوگوں کی بددعائیں کھا گئیں: خورشید شاہ

Published On 24 October,2023 10:51 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کے سلوگن پر جھوٹ اور بے وفائی کرنے والوں کو لوگوں کی بددعائیں کھا گئیں۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں گئے وہ لوگ جنہوں نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے، ان لوگوں نے ملک کا قرض اتارنے کی بات کی، یہ لوگ تو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دے رہے تھے، یہ لوگ کہتے تھے کہ دوسو ارب ڈالر لاکر ایک سو ارب آئی ایم ایف کے منہ پر ماریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما سردار عمر کی ملاقات

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم جھوٹے مکار اور دھوکے باز نہیں ہیں، ہم نے 2008ء اور 1993ء میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرکے دکھائے ہیں، ہم نے سرحد کے لوگوں کو خیبرپختونخوا کے نام کی پہچان دی۔

مرکزی رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نادرن ایریا کے لوگوں کو گلگلت بلتستان کے نام سے صوبہ بنا کر دیا، میں ملک کے سیاستدانوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ بتائیں ہم نے عوام سے کیا گیا کون سا وعدہ پورا نہیں کیا، ان لوگوں نے تو گھر بنا کر نہیں دیئے مگر ہمیں موقع ملا تو ہم گھر بناکر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے پھر انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کر دیا

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے سکھر کو کلین اینڈ گرین مہم بنانے کا آغاز کردیا ہے، ہم نے 10 ہزار ایکڑ پر درخت لگا دیئے ہیں، کچھ دنوں بعد کوئی سکھر سے گزرے گا تو وہ سکھر میں ہر طرف پھول ہی پھول دیکھے گا۔