لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فلسطین پر ایٹم بم گرانے کا بیان مسلم ممالک کو واشگاف دھمکی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر اپنے رد عمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بیان عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار کرنے کا باعث ہے، اسرائیل کا بیان انسانیت کش سوچ کی غمازی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی آبادی کے خاتمے کی سفاک اور بے رحم سوچ نے اسرائیل کی انسان دوستی کا پول کھول دیا ہے، اسرائیل نے اپنے آپ کو انسانیت کا علمبردار ہونے کی بجائے انسانیت کا دشمن ثابت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی پی اپنے منشور کی طاقت سے انتخابی دنگل جیتے گی: فردوس عاشق اعوان
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں جوہری حملوں کے زخم ابھی تک تازہ ہیں، جاپان پر گرائے جانے والے دو ایٹم بموں پر ابھی تک انسانیت شرمندہ ہے، کیا ابھی بھی عالمی برادری مزید ایسے کسی ایڈونچر کی متحمل ہو سکتی ہے؟۔
آئی پی پی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اسرائیلی تفریح طبع کے لئے پوری دنیا کے امن و امن کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا، عالمی برادری اور یو این او اپنا حقیقی کردار ادا کرنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں، یو این او کی اس حوالے سے ناکامی اقوام عالم کو واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم کر سکتی ہے۔