راولپنڈی: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کی۔
نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور بیرسٹر عمیر نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر جیل ٹرائل روکنے کا حکم
دوران سماعت نیب کی جانب سے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے نیب کی ٹیم اڈیالہ جیل میں تفتیش کرے گی اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہی رہیں گے۔