اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کیخلاف سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وکیل بیرسٹر گوہر کی جانب سے التواء کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کیخلاف اسد قیصر کی درخواست پر سماعت کی، بیرسٹر گوہر کے جونیئر مہتاب خان ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
جونیئر وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ بیرسٹر گوہر شہر سے باہر ہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اسد قیصر کو اینٹی کرپشن صوابی میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، سیشن کورٹ اسلام آباد نے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔