بلوچستان کی ترقی عزیز ہے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، نوازشریف

Published On 14 November,2023 10:45 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر چلیں گے، سب کے ساتھ تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

بلوچستان میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھایا تاکہ غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہوسکے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر سے کوئٹہ ساڑھے 600 کلومیٹر کی سڑک تعمیر کرکے بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں، گوادر کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے دو دن کا سفرکم ہوکر 8 گھنٹے رہ گیا، اس سڑک کی تعمیر کے دوران 40 سے زائد نوجوان شہید ہوئے تھے، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو شاہراہ تعمیر کرکے جنوبی بلوچستان کے علاقوں کو سندھ سے جوڑا گیا، ان دونوں سڑکوں کی بنیاد ہم نے 1998-1999 میں رکھی تھی، ہکلہ اور ڈی آئی خان روڈ کی بنیاد ہم نے رکھی تھی، اس منصوبے پر 4 سال کام رکا رہا، وزیراعظم شہباز شریف نے دوبارہ کام شروع کروایا۔

شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت کے دوران سب سے زیادہ بار بلوچستان کے دورے کیے، مختصر ترین حکومت میں بھی بلوچستان کی ترقی، تعلیم، نوجوانوں کی ہنر مندی کے منصوبوں پر کام کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ کے دوران شدید معاشی مشکلات اور تباہ کن سیلاب کا مقابلہ کیا، اسی دوران گوادر کیلئے ایران اور نیشنل گرڈ سے بجلی دینے کے منصوبے بھی شروع کیے گئے۔