اسلام آباد: (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ ریٹائرڈ جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے آج اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی اور انتخابات سےمتعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ملاقات میں نگران وزیرِ اعلیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو صوبے میں انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی ، انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر صوبے میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائے گی ۔
چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔
اس موقع پر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ عام انتخابات میں ووٹرز کے تحفظ کو اولین فوقیت دی جائے، الیکشن کمیشن کی ٹیم صوبے میں انتخابات کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے لئے جلد خیبرپختونخوا کا دورہ کرے گی۔