کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کا وفد سیاسی اتحاد مضبوط بنانے کیلئے کراچی پہنچ گیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کراچی پہنچے، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر بشیر میمن کھیئل داس کوہستانی، علی اکبر گجر نے لیگی رہنماؤں کا استقبال کیا، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کراچی میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا وفد مسلم لیگ فنگشنل، جمیعت علماء اسلام اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کرے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیر صاحب پگاڑا سے ملاقات کریں گے اور نواز شریف اور شہباز شریف کا پیغام پہنچائیں گے، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے آفس بھی جائیں گے، ان سے ہمارا اتحاد ہوچکا ہے اس حوالے سے بات کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ کراچی میں امن کا سہرا نوازشریف کے سر ہے، ایاز صادق نے کہا کہ پی پی سے ہمارا تعلق ہے، ہم نے 18 مہینے ساتھ کام کیا، پیپلزپارٹی کا حق ہے جو چاہیں بولیں، وزیراعظم لاہور سے نہیں ہوگا تو جاتی امراء سے ہوگا۔