ن لیگ جتنے مرضی اتحاد کرلے، پیپلزپارٹی انتخابات میں کلین سویپ کریگی: شرجیل میمن

Published On 12 November,2023 05:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ جتنے مرضی اتحاد کر لے، پیپلزپارٹی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو پنجاب میں حکومتیں ملیں انہوں نے ایک ہسپتال پنجاب میں نہیں بنوایا، سندھ کی شہری اور دیہی آبادی میں پیپلزپارٹی نے کام کیا، ہم نے لوگوں کو گھر دیئے، پی ایم ایل این بتائے انہوں نے کتنے لوگوں کو گھر بنوا کر دیئے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم پر 2018ء میں نااہل تھوپا گیا، ہم نہیں چاہتے2024ء میں بھی ایسے لوگ تھوپے جائیں جو ملک کا بھلا نہیں چاہتے، عوام کے ووٹ کے بعد کوئی بھی نااہل ملک پر نہیں تھوپا جائے گا، پیپلزپارٹی نے اس ملک کے لئے تاریخی کام کئے ہیں، ن لیگ کو ہمیشہ الیکشن کے موقع پر سندھ یاد آتا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا، معیشت ٹھیک کرنے کا کام ن لیگ کے پاس تھا، وہ ناکام رہے، جو کام پیپلز پارٹی کے پاس تھے ان میں پیپلزپاٹی نے اپنے آپ کو منوایا، ملک کے 21 لاکھ لوگوں کو گھر بنا کر دینے والی پیپلزپارٹی ہے، جگر کا ٹرانسپلانٹ کروانے لوگ بھارت جاتے تھے، اب سندھ آتے ہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ تقسیم کی بات پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور کراچی کی جماعت نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا مجھے وائٹ ہاؤس نے ہٹایا، پی ٹی آئی کو وائٹ ہاؤس نہیں بلاول ہاؤس نے ہٹایا، سیاسی دشمنی نہیں ہونی چاہئے، اگلے وزیراعظم کا ڈومیسائل صوبہ سندھ سے ہوگا، آج تک کبھی شفاف الیکشن سے مسلم لیگ ن کو اقتدار نہیں ملا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی، چاہتے ہیں ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے چلاجائے، پیپلزپارٹی نگران سیٹ اپ میں کوئی مداخلت نہیں کررہی، آصف علی زرداری کا بہت بڑادل ہے، انہوں نے دنیا پر احسانات کئے، پی ڈی ایم سے پہلے ن لیگ کی قیادت بیان تک نہیں دے سکتی تھی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ ن لیگ جی ڈی اے سے اتحاد کرے یا کسی اور سے پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی، جتنے بھی اتحاد بنانے ہیں بنائیں، پیپلزپارٹی کے خلاف منفی پراپیگنڈا کا جواب دینے کا ہمیں حق ہے۔