نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکہ میں پاکستانی طلبا کی تعداد میں اس سال سولہ(16) فیصد کا خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے امریکہ میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلبا کے اعداد و شمار کے حوالے سے سالانہ "اوپن ڈورز رپورٹ "میں بتائی گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال یہ تعداد 8772 تھی جو کہ بڑھ کر 10164 تک پہنچ گئی، مجموعی طور پر گزشتہ دو سالوں میں پاکستانی طلبا کی تعداد میں ( 33) فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رواں سال سولہ فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان بین الاقوامی سطح پر دنیا کے ان آٹھ ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا جہاں بین الاقوامی طلبا کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے امریکی جامعات میں پاکستانی طلبا کی بڑھتی ہوئی تعداد کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ رواں سال 16 فیصد اور گزشتہ دو سالوں میں33 فیصد کا اضافہ انتہائی حوصلہ افزا ہے، آئندہ تین سالوں میں اس تعداد کو دوگنا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے طلبا اور طالبات کی امریکی جامعات میں موجود گی نہ صرف تعلیمی میدان میں قریبی دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ رجحان مستقبل میں پاک امریکہ تعلقات میں مزید مضبوطی کا ضامن ہے۔