جاوید لطیف کا الیکشن سے قبل فیض آباد دھرنا کیس کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ

Published On 16 November,2023 12:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے الیکشن سے قبل فیض آباد دھرنا کیس کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ آج فیض آباد دھرنے پر کمیشن بنا ہے، جتنا اختیار اسے دیا گیا ہے میری گزارش ہے کمیشن کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹائم فریم سے آگے نہ جائے تاکہ انتخابات صاف شفاف ہوسکیں، انتخابات سے پہلے پہلے کمیشن کی رپورٹ پبلک ہوجانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی چیئرمین پی ٹی آئی وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، جہاں 6،6 گھنٹے بغیر گرفتاری کے ہمیں کھڑا کیا جاتا تھا وہاں ان کو کھڑا کریں، ان لوگوں نے پاکستان کا پیسہ لوٹ کر باہر شفٹ کیا، ان لوگوں نے پاکستان کو کیسے لوٹا،اس پر بات کرنے کو کوئی تیار نہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 2018 کی طرح لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے، جس طرح ہمارے خلاف کیسز چلے کیا ان کے خلاف بھی چل رہے ہیں؟ کیا چیئرمین پی ٹی آئی نے صرف 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کی، البتہ ملک میں کوئی شخص ریاست سے بالاتر نہیں ہونا چاہئے۔

سابق وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ 4 سال لوگوں کی ذہن سازی کی گئی تھی، لوگ پاکستان کے مفادات میں اپنا ووٹ ڈالیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔