بطور وزیراپنے کام پر ضمیر مطمئن، بلاول ہمیں نہ ہی چھیڑیں تو بہتر ہے: سعدرفیق

Published On 15 November,2023 09:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بطور وزیر اپنے کام پر ضمیر مطمئن ہے، بلاول بھٹو ہمیں نہ چھیڑیں تو بہتر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بلاول بھٹو صاحب! آپ نے سوال اٹھایا ہے تو جواب سن لیں، میرے خاندان یا میں نے کبھی منہ نہیں چھپایا، انگریز کی کاسہ لیسی کی نہ ایوب خان اور یحییٰ کی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ 80 برس میں خضر حیات ٹوانہ سے لیکر قمر باجوہ تک ہم نے سب کی جیلیں بھگتی ہیں، بھٹو مرحوم کی سول آمریت میں والد نے جان دیدی، ضیا آمریت میں مجھے 3 بار جیل جانا پڑا، مشرف آمریت سے لڑے، جیلیں کاٹیں، جسمانی تشدد سہا، والدہ کی جان گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی، قمر باجوہ اور ثاقب نثار کا نقاب پوش مارشل لاء بھی بھگتا، بطور وزیر اپنے کام پر ضمیر مطمئن ہے، ہمیں نہ ہی چھیڑیں تو بہتر ہے۔