کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) شہر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے جو نہیں ہوگا۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں خواجہ سہیل منصور اور مزمل قریشی نے پارٹی سے راہیں جدا کر لیں اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پارٹی میں شمولیت کرنے والے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ کچھ نئےدوست ایم کیوایم سے پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ہیں اور کچھ لوگوں نے اوچھے ہتھکنڈے شروع کر دیئے ہیں جو کہ افسوسناک ہیں، متحدہ بدقسمتی سے اس وقت پی ایس پی کے نرغے میں ہے، پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اس وقت آخری سانسیں لے رہی ہے، ہمارا مقابلہ ایم کیو ایم سے نہیں ہے، ایم کیو ایم کے دوست مثبت سیاست کریں، ہم نفرت کی نہیں بھائی چارے کی سیاست کرتے ہیں، غنڈہ گردی، بدمعاشی کی زبان کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے پیپلز پارٹی نے سیاسی سرگرمیاں تیز کی ہیں، بد قسمتی سے ایم کیو ایم نے جن اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کیا ہے وہ غلط ہے، گھروں پر لوٹے لٹکانے والی ویڈیو شرمناک ہے، ماضی میں کوئی ایم کیو ایم چھوڑتا تو اسکا برا حشر کیا جاتا اب حالات اور وقت بدل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں ایم کیو ایم سے شمولیتیں ہو رہی ہیں، ایم کیو ایم پریشان ہوگئی پیپلز پارٹی شہر میں مقبول ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، ہم نے میئر کے انتخابات سمیت کنٹونمنٹ ایریاز سے الیکشن جیتے، ہم شہر پر قبضہ ہونے نہیں دیں گے، پیپلزپارٹی نے دیہی اور شہری کی تفریق کو ختم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ صادق و امین ہمارے نبی کریمؐ کا لقب ہے، اس پوری کائنات میں دوسرا کوئی بھی صادق و امین نہیں ہو سکتا، ثاقب نثار نے چیئرمین پی ٹی آئی کو یہ لقب دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کا کردار سب کے سامنے ہے، افسوس ہوتا ہے بدکردار شخص کو ملک میں ایسے اداروں نے فرشتہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی جن کا کام نہیں تھا۔
رہنما پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے مزید لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے، خالد مقبول صدیقی سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں۔
اس موقع پر خواجہ سہیل منصور کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی بہبود کیلئے کام کریں گے، کراچی کی حقیقی جماعت پیپلز پارٹی ہے، شہر قائد کی ترقی کیلئے ایم کیوایم کو بھی ویلکم کرتے ہیں، ایم کیو ایم والے سب کے ساتھ مل کر حکومت بناتے ہیں، اب انہوں نے ن لیگ سے اتحاد بنایا ہے۔
مزمل قریشی نے کہا کہ ہمیں حق حاصل ہے کہ کسی بھی جماعت میں جائیں، کراچی کے عوام کو معلوم ہے کہ ہمیں کہاں جانا ہے، لوٹے والی باتیں چھوڑ دیں، اب انہیں اپنے گھروں میں لوٹوں کی ضرورت پڑے گی۔