فریال تالپور سے کراچی کے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 18 November,2023 10:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے کراچی کے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے ڈاکٹر عاصم حسین، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سابق ایم این اے مزمل قریشی، فراز لاکھانی، فیضان راوت اور وحید میمن نے ملاقات کی، زرداری ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورتحال اور الیکشن سے متعلق پارٹی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریال تالپور نے ایم کیو ایم چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہونے والے سابق ایم این اے مزمل قریشی کو خوش آمدید کہا، فریال تالپور نے کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم بننا نوشتہ دیوار ہے، ملکی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، قیادت پر پہلا حق بھی نوجوانوں کا ہے۔

پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے ملاقات کے موقع پر سابق صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سہیل انور سیال بھی موجود تھے۔