سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس: متعلقہ اداروں سے مزید پیشرفت رپورٹ طلب

Published On 24 November,2023 12:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس میں متعلقہ اداروں سے مزید پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔

سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ بلدیہ فیکٹری عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند پیش ہوئے، عدالت میں مفرور اور اشتہاری ملزموں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

علاوہ ازیں نادرا حکام کی جانب سے بھی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔

نادرا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کا ریکارڈ جو ہمیں فراہم کیا گیا وہ مکمل نہیں، فراہم کردہ ریکارڈ میں ملزمان کے قومی شناختی کارڈ نمبر موجود نہیں، ہمیں تمام تر معلومات فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی شروع کی جائے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ اداروں سے مزید پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عدالت نے مفرور اور اشتہاری ملزموں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 50 ہزار سے زائد ملزمان مفرور و اشتہاری ہیں۔