اسلام آباد: (دنیانیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں احتساب عدالت اسلام آباد میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز کے ذریعے درخواست ضمانت احتساب عدالت میں دائر کی جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے ۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیا ۔
نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت میں ہی نوٹس وصول کرلیا، بعدازاں عدالت نے سماعت4 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔