لاہور: (دنیا نیوز) شہر میں سموگ کا زور ٹوٹ گیا،آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں ساتویں نمبر پر چلا گیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 200 سے بھی کم ریکارڈ کی جانے لگی۔
صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آگئی، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 175 ریکارڈ کی گئی جبکہ آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا دنیا میں ساتواں نمبر رہا ۔
دوسری جانب کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر انسداد سموگ احکامات کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں،انسداد سموگ کارروائیوں کے دوران 4بھٹوں کو پرانی ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر مسمار جبکہ 9 کو پانی ڈال کر بجھا دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور ڈویژن کے تمام 1190بھٹے زِگ زیگ پر ہیں،خلاف ورزی پر 118بھٹوں کو بندکرکے مقدمات درج کرائے گئے اور18لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا سموگ کے حوالے سے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ
انسداد سموگ کیلئے لاہور ڈویژن میں 40 روزہ کارروائیوں کی رپورٹ بھی جاری کردی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے پر 304 مقدمے درج کر کے 87لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے پر 2 ہزار 898 کسانوں کو نوٹس جاری جبکہ 1406 سے بیان حلفی لیے گئے،دھواں چھوڑنے والی 4572 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 32لاکھ روپے جرمانہ اور 1158گاڑیوں کو بند کیا گیا۔