کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے صوبے میں توئی لغاڑہ کے جنگلات میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے فوری ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ آگ سے متاثرہ علاقے میں انسانی آبادی کو فوری محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے، آگ کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اگلے مقامات پر حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ حکمت عملی سے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
ڈی سی موسیٰ خیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آگ شیرانی اور موسیٰ خیل کے پہاڑی سلسلے میں لگی ہے جو بارڈر ایریا ہے، گزشتہ سال انہی جنگلات میں آگ لگی تھی، لیویز فورس آگ پر قابو پانے کے لئے ساز و سامان کے ساتھ پہاڑی علاقے میں پہنچ گئی ہے۔