اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیرِ صدارت مساجد و مدارس سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، صوبائی وزرا اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا ً 2 کروڑ 80 لاکھ بچے سکول نہیں جا پاتے، بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے مساجد کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا
صدر مملکت نے کہا کہ مساجد کو خواندگی اور تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، مساجد و مدارس مقامی سطح پر اہم سماجی اور صحت کے مسائل پر آگاہی پیدا کریں، سکولوں سے باہر رہ جانے والے 28 ملین بچوں کو تعلیم فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علما کرام جمعہ کے خطبات کے ذریعے اخلاقی اقدار، رواداری، امن، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔