پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران انتخابات کی تیاریوں بارے آگاہ کیا۔
نگران وزیراعلی کے پی نے نگران وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ٹاسک فورس کے اجلاس میں بھی شرکت کی، اجلاس میں پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر اندازمیں جاری رکھنے پرغور کیا گیا۔
جسٹس (ر) ارشد حسین نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، جسٹس (ر) ارشد حسین نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی، دونوں کے درمیان عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو الیکشن کی تیاریوں اور دیگر معاملات سے آگاہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاد اخترسے بھی ملاقات کی، وفاقی حکومت سے جڑے صوبے کے مالی معاملات سے آگاہ کیا، شمشاد اختر کو صوبے اور ضم اضلاع کو درپیش مالی مسائل سے متعلق معاملات سے بھی آگاہ کیا۔