کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حال ہی میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے سیاسی جلسے کئے ہیں، نگران حکومت کے لئے کوئی سیاسی جماعت پسندیدہ نہیں ہے، ہماری کوشش ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں، دہشتگردی کے واقعات حکومت کے لئے چیلنج ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام میں قابلیت ہے دہشتگردی کو شکست دینے کی، اب تک 4 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے ملک جا چکے ہیں، حکومت کی ترجیح کسی ایک ملک کے شہریوں کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیرقانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی اور ڈویلپمنٹ کے مسائل سب سے زیادہ اہم ہیں، ان دو مسائل کے حل کے لئے گڈ گورننس ناگزیر ہے، گڈ گورننس ماضی کی طرح ہی رہی تو بلوچستان کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آتے، عام انتخابات کے دوران دہشتگردی کا چیلنج درپیش ہو گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں کسی بھی سیاسی رہنما کو نشانہ بنانا آسان ہوتا ہے، نگران حکومت مکمل طور پر نیوٹرل ہے، سیاسی جماعتوں کے آپسی اختلافات میں نگران حکومت فریق نہیں ہے۔