کراچی: (دنیا نیوز) سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے 3 ساتھیوں کو پیپلز پارٹی کےغنڈوں نے شہید کر دیا، کوئی لڑائی نہیں تھی، 5 سیٹوں پر اپنے امیدوار وہاں نامزد کئے تھے، دوبارہ اس طرف نہ دھکیلا جائے، ہم آگئے تو سسٹم نہیں چلنے دینگے۔
عباسی شہید ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج مچھر کالونی کے علاقے میں ہمارے ساتھی گئے جلسے کے لیے جگہ دیکھنے،پہلے بھی انہوں نے ہمارے کارکنان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، آج جب جگہ دیکھنے گئے تو یہ لوگ اسلحہ لے کر باہر آگئے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایس ایس پی کیماڑی کو وائس نوٹ، میسجز بھیجے کہ پیپلز پارٹی کے لوگ اسلحہ لے کر کھڑے ہیں، پیپلزپارٹی نے سہراب گوٹھ میں بھی یہی کیا، ہم نے اس شہر میں امن کو بحال کیا، یہ کام شروع ہو گیا تو آپ ہم سے نہیں جیت سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: دو گروپوں میں تصادم، فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ 40 دن پہلے نیازبھائی کو منگھوپیر میں شہید کیا، جس طرح کا ظلم ہوا اسی طرح کا انصاف ہونا چاہئے، نہیں کر سکتے انصاف تو بتا دیں کہ نہیں کر سکتے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے اس شہر میں امن کے لیے قربانی دی، ہمیں دوبارہ اس طرف نہ دھکیلا جائے، ہم آگئے تو سسٹم نہیں چلنے دیں گے، پیپلزپارٹی کا سارا سسٹم شامل ہے، سمندر کے راستے سمگلنگ منشیات لانے میں یہ لوگ شامل ہیں۔