مختلف حادثات میں موٹر سائیکل سوار ایک سالہ بچی سمیت 3 افراد جاں بحق

Published On 12 December,2023 10:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر آباد اور فیصل آباد میں پیش آنے والے افسوسناک حادثات میں موٹر سائیکل سوار ایک سالہ بچی اور 2 موٹر سائیکل سوار افراد جان کی بازی ہار گئے۔

وزیرآباد کے علاقہ علی پور چٹھہ میں مسافر ویگن اور موٹر سائیکل کی ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے، حادثے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرے کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جب وہ راستے میں دم توڑ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت سجاد مغل اور محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے، دونوں علی پور کے رہائشی تھے جو کہ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ جا رہے تھے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

دوسرا واقعہ فیصل آباد میں منصور ملنگی روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مزدے کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، حادثے میں بچی کے والدین زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد مزدا ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک کو قبضہ میں لے لیا ہے۔