اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کردی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس : بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد
بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردارمظفر عباسی اور تفتیشی ٹیم عدالت پیش ہوئی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی گئی، فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 20 دسمبر تک توسیع کردی۔
یہ بھی پڑھیں: توہینِ الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی، عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر پہلے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا بعدازاں عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کرنے کا حکم سنا دیا۔
نیب نے توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کل عدالت سے ریمانڈ لیا جائے گا۔