ہم چاہتے ہیں ایسا الیکشن ہو جس پر سوال نہ اٹھیں: فیصل سبزواری

Published On 14 December,2023 06:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایسا الیکشن ہو جس پر سوال نہ اٹھیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شروع ہو چکے ہیں، الیکشن کو شفاف بنانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، اگر کسی کو کوئی مقبولیت کا دعویٰ ہے تو انتخابات میں ثابت ہو جائے گا، ہم انتخابات کے لئے سنجیدہ ہیں، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ڈی آر اوز اور آر اوز کے طور پر ریونیو افسروں اور ڈی سی آفس کا عملہ لگنا تھا۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ان افسروں میں حیسکو اور کچھ پرائیویٹ لوگوں کی تعیناتی بھی ہونی تھی، لاہور ہائیکورٹ نے تمام تعیناتیاں روک دی ہیں، پی ٹی آئی نے کورٹ میں یہ پٹیشن دائر کی تھی، آج پی ٹی آئی کو ایک ہی دن میں کورٹ سے ریلیف مل گیا۔

فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ ریونیو افسران الیکشن میں ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات نہیں ہوئے، 2018ء میں بھی ایسا ہی تھا، پی ٹی آئی یہ کرکے الیکشن سے بھاگ رہی ہے، 2024ء کا الیکشن عوام اور ووٹرز کا الیکشن ہونا چاہئے، ہم نے کبھی الیکشن کے تاخیری حربے نہیں اپنائے۔