لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دوبارہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے مدت دو ہفتے کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، محسن نقوی نے لائسنس کی تجدید کیلئے تاخیر کی شکایات پر بھی احکامات جاری کیے۔
نگران وزیراعلیٰ نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، وہ مرکز کے داخلی راستے پر ہجوم دیکھ کر رک گئے، نگران وزیراعلیٰ نے سائلین سے گفتگو کی اور ان سے صورت حال کے بارے میں دریافت کیا، شہریوں نے ان سے گھنٹوں انتظار کرنے کی شکایات کیں۔
ایک نوجوان کی طرف سے سردی کی نشاندہی پر وزیراعلیٰ نے خدمت مرکز کے باہر انتظار کیلئے کنوپی اور انگیٹھی لگانے کی ہدایت کی جبکہ ایک دوسرے شہری کے 24 سال سے بغیر لائسنس گاڑی چلانے کے جواب پر وہ مسکرا کر چل دیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 25 دسمبر سے خدمت مرکز آنے والے شہری پیشگی ٹائم لے سکیں گے، لائسنس اور لرنر کی اپیلی کیشن اینڈرائیڈ اور ایپل پر جلد انسٹال کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری ویب سائٹ کے ذریعے لائسنس اور لرنر بنوا سکتے ہیں، خدمت مراکز کی طرح چند ہفتوں میں تھانوں کا ماحول بھی بدلا ہوا دیکھیں گے۔