لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فلپائن کی سفیر ماریا اگنیس ایم سروینٹس نے ملاقات کی۔
سی ایم ہاؤس لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فلپائن کی سفیر نے ملاقات کی جس میں نرسنگ، فارماسوٹیکل اور میڈیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور فلپائن کی پولیس کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پنجاب اور فلپائن کے درمیان نرسنگ ٹریننگ کیلئے ایم او یو کا اصولی فیصلہ کیا گیا، فلپائن پنجاب سے ایک ہزار طالبات کو نرسنگ ٹریننگ دے گا۔
نگران وزیراعلیٰ نے فلپائن اور پنجاب کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کیلئے باہمی داخلوں کی تجویز دی جس پر فلپائنی سفیر نے اتفاق کیا، محسن نقوی نے فلپائن کی سفیر کو پولیس ہیڈ کوارٹرز، سیف سٹی اوردیگر مقامات کے دوروں کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کورونا کے دوران دنیا بھر میں فلپائن کی نرسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا گیا، پاکستان میں 3 ہزار اور لاہور میں 700سے زائد فلپائنی سروسز فراہم کر رہے ہیں، پنجاب میں نرسنگ کے شعبہ میں فلپائن کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نرسنگ طالبات کی تعداد دگنا کرنے کے باوجود پنجاب میں ضرورت برقرار ہے، نجی میڈیکل یونیورسٹیوں سے فلپائنی اداروں کے تعاون کے سلسلے کو بھی آگے بڑھایا جائے گا، ہوٹل مینجمنٹ، ہاسپٹلی اور دیگر شعبوں میں فلپائن سے اشتراک کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔
فلپائنی سفیر ماریا اگنیس ایم سروینٹس کا کہنا تھا کہ فلپائن کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستان کے طلبہ کیلئے سکالر شپ کے مواقع بھی موجود ہیں، پنجاب حکومت اور عوام کے فلپائن کے بارے میں اچھے جذبات کو سراہتے ہیں۔
فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل فہد شیخ، صوبائی وزیر عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔